وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے

Tariq Fatemi

Tariq Fatemi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی آئندہ کے چند ایام کے اندر امریکہ تشریف لے جاتے ہوئے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات کریں گے۔

امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ “طارق فاطمی نہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات کریں گے بلکہ وہ موجودہ صدر اوباما کی انتظامیہ کے ارکان سے بھی ملاقاتیں سر انجام دیں گے”۔

خیال رہے کہ امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے تاہم وہ اپنی عبوری ٹیم کو ابھی سے تشکیل دے چکے ہیں۔

سفیر ِ پاکستان کاکہنا تھا کہ 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد واشنگٹن میں نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں لہذا اس تناظر میں پاکستانی نمائندہ خصوصی کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر اعظم نواز شریف اور نو منتخب صدر ٹرمپ کی ٹیلی فون پر بات چیت میں ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تعمیری تعلقات کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔