پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈز کی ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل

Security Guards Training

Security Guards Training

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ضلع قصور میں ایلیٹ کمانڈوز کی زیر نگرانی پبلک اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈ ز کی تین روزہ ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے ۔جبکہ اگلے مرحلہ میں تمام سکیورٹی گارڈز کو دو روزہ لائیو فائر پریکٹس کروائی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں اے پلس اور اے کیٹگری کے 238 تعلیمی اداروں کے 328 سکیورٹی گارڈز کو ٹریننگ دی گئی جن کو پیشہ ور ایلیٹ کمانڈوزنے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی اپنانے اور مختلف موضوعات پر لیکچر دئیے ان تینوں دنوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کی پریکٹس کرائی گئی اسکے علاوہ سرچ آپریشن اور باڈی سرچ کرنے کے طریقے بتا ئے گئے اور ساتھ ہی ساتھ خود کو محفوظ رکھتے ہوئے دشمن پر اٹیک کرنے کی تربیت دی گئی۔

ٹریننگ کے تیسرے روز تمام سکیورٹی گارڈز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ان سے عملی مشقیں بھی کروائی گئیں ہیں ۔ ڈی پی اوقصور نے تمام سکیورٹی گارڈز کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ دو دن جمعہ اور ہفتہ پر محیط ہو گا جسکی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔