تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک لائی گئی تو مخالفت کریں گے، اسحاق ڈار

 Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے خلاف ڈی سیٹ کی تحریک واپس لینے کی یقین دہانی کرا دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی یقین دہانی کے بعد امید ہے کہ جے یو آئی (ف) پی ٹی آئی کے خلاف اپنی تحریک واپس لے لے گی تاہم اسمبلی میں تحریک لائی بھی گئی تو (ن) لیگ کی جانب سے اس کی مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ یہ تحاریک واپس لی جائیں اور تحریک انصاف اسمبلی میں اپنا کردار ادا کرے۔

واضح رہےکہ ایم کیوایم اور جے یو آئی (ف) نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں ڈی سیٹ کرنے کے لیے تحاریک پیش کرنے کا اعلان کیا تھا جسے وزیراعظم نواز شریف نے بھی واپس لینے کی اپیل کی تھی جب کہ مولانا فضل الرحمان اور الطاف حسین نے ٹیلی فونک گفتگو میں تحریک پر مشترکہ مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا تھا۔