تحریک انصاف کے اہم سیاسی راہنمائوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت

PML N

PML N

گوجرانوالہ : انصاف کے اہم سیاسی راہنمائوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت، میاں نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار، تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے اہم راہنمائوں حاجی امین بٹ، اکرام نازش بٹ اور مقصود ملک نے تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

ان راہنمائوں کا شمار تحریک انصاف این اے96کے ٹکٹ ہولڈر کے قریبی رفقاء میں ہوتا تھا، مسلم لیگ ن میں شمولیت کی تقریب کے موقع پرسینئر راہنما غلام دستگیر خان اوروفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے لئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حاجی امین بٹ نے کہا کہ پاکستان کو میاں نواز شریف کے علاوہ کوئی اور لیڈر مشکلات کے بھنور سے نکالنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

شریف برادران دہشت گردی ،توانائی اور دیگر بحرانوں سے دن رات نبرد آزما ہیں ،پوری قوم کا فرض ہے کہ ان جیسے سچے ،مخلص اور محب وطن قائدین کا ساتھ دے،انہوں نے مزیدکہا کہ گوجرانوالہ کے لئے خان غلام دستگیر خان اور انجینئر خرم دستگیر خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہوں گوجرانوالہ کی محرومیوں کا خاتمہ کر کے اسے صحیح معنوں میں اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک جدید شہر میں بدل دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی بقا ء اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے،سابق حکمرانوں کے ورثے میں چھوڑے ہوئے مسائل پر دوسال کے مختصر عرصے میں قابو پانا موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ ہے،عوام کے ساتھ کیا گیا روشن پاکستان کا وعدہ عنقریب پورا ہو گا۔

اس موقع پر ایم پی اے چوہدری اشرف علی انصاری،صابر محمود علی بٹ،انجینئر عقیل کھوکھر، حاجی امجد شاہین کرنسی والے ،میاں اکرام،لیاقت بٹ ،عامر اکرام بھی موجود تھے۔