حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈی ایچ کیو شیخوپورہ میں خواتین کے لئے سپیشل سیل قائم کیا جائے گا۔ ارقم طارق

Speech

Speech

شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال شیخوپورہ میں مرکزی سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کی سربراہی کے لئے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والی ایسی خواتین کو مدعو کیا گیا جنہوں نے قومی اور بین لا قوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقدہ سیمینار میں شیخوپورہ کے سکول اور کالجز کی طالبات، خواتین ڈاکٹر، نرسنگ سٹوڈنٹس، اساتذہ اور گھریلو خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہر بھر میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے بینر اور پوسٹر آویزاں کیے گئے۔

تقریب کا حصہ بننے والی مقررین نے خواتین کے حقوق اور ان کو خودمختار بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات ،میٹرنل ہیلتھ، فی میل ایجوکیشن اور دیگر معاملات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر لیڈیز کلب کی بھرپور نمائندگی میں سابقہ ایم پی اے محترمہ سکینہ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر شہناز ، محترمہ نادیہ امبرین ، پاکستان کی پہلی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان محترمہ روبینہ نسرین اور دیگر نمایاں خواتین نے شرکت کی۔ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ شبیر حسین بٹ نے سیمینار میں مقررین کا ساتھ دیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابقہ ایم پی اے محترمہ سکینہ نے عورتوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے مذہب کی روشنی میں خواتین کے معاشرتی کردار پر روشنی ڈالی۔

سابقہ ہاکی کپتان محترمہ روبینہ نسرین نے کھیل کے میدان میں خواتین کو آگے آنے اور خود کو مضبو ط بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ عورت خود پر بھروسہ رکھتے ہوئے کسی بھی میدان میں آگے جانا چاہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔ تقریب میں پیر بہار شاہ ڈگری کالج کی طالبا ت کی جانب سے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔ ڈی سی شیخوپورہ ارقم طارق نے تقریب کے اختتام پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی کامیابی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔ شیخوپورہ میں خواتین نمایاں عہدوں پر فائز ہیں اور احسن طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں حکومت پنجاب کے و یژن کے مطابق ڈی ایچ کیو شیخوپورہ میں خواتین کے لئے سپیشل سیل قائم کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے پراپرٹی کے معاملات کے فوری حل کے لیے بھی سپیشل یونٹ قائم کیا جائے گا۔ خواتین کی خودمختاری کی مرکزی سوچ کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے ہر عورت کے آگے بڑھنے کے عزم کو فروغ دیتے ہو ئے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔