کوئٹہ:جوائنٹ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق، تین زخمی

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ جوائنٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جوائنٹ روڈ پر پاسپورٹ آفس کے سامنے نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کلاں خان اور دو بھائی شبیر حسین اور احسن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دیں ۔ واقعے کے پشتونخواء ملی عوامی پارٹی اور ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ گزشتہ روز بھی باچا خان چوک پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے۔