تحقیق کا فقدان اور وزیراطلاعات

Islam

Islam

تحریر : محمد عتیق الرحمن
دنیا کا ہر انسان کسی نہ کسی مذہب یا عقیدے کو مانتا ہے اور اس کے خلاف بات سننا گوارہ نہیں کرتا یہ ایک فطری عمل ہے۔ اس کے عقیدے سے جڑی ہر بات اس کے لئے مذہب کی سی حیثیت رکھتی ہے یہی بات اسلام کے ماننے والوں کی بھی ہے۔اسلام جو ایک الہامی مذہب ہے اور اس کی تعلیمات ایسی ہیں کہ اپنے تو اپنے بیگانے بھی اس کی تعریف میں رطب اللسان نظر آتے ہیں۔ اسلام کی تعلیمات ہی ایسی پیاری اور لافانی ہیں کہ ساڑھے چودہ سوسال گذرنے کے بعد بھی اسی طرح قابل عمل ہیں جس طرح یہ پہلے دن تھیں۔دنیا میں آج تک امن کے لئے جتنے بھی قوانین متعارف کروائے گئے ہیں۔

ان سب کی تعلیمات ہمیں صرف ایک مذہب میں سے ہی مل جاتی ہیں جس کو دنیا اسلام کے نام سے جانتی ہے۔ اسلام ہی وہ مذہب ہے جو خواتین کو حقوق فراہم کرتا ہے ۔ اسلام ہی ہے جس نے طلب علم مردوعورت دونوں پر نہ صرف فرض کیا ہے بلکہ اس کی عملی مثالیں بھی پیش کی ہیں ۔حضرت محمد کریم ﷺ پر پہلی وحی کا نزول اور اس میں پہلالفظ ’’اقرا‘‘ اس بات کو واضح کرتاہے کہ اسلام میں علم کی کتنی اہمیت ہے ۔ہجرت کے بعد پہلا کام مسجدقبا کی تعمیر اور پھر مسجد نبوی ﷺ میں الصفہ کا قیام اس بات کی عکاسی ہے کہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت ایک ستون کی طرح ہے پھر اسی مدرسہ کے طالب علم پوری دنیا میں علم کا چراغ روشن کرتے نظر آتے ہیں۔

گزشتہ وزیر اطلاعات پرویز رشیدنے کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قرار دیا اور حاضرین تقریب اس کے بعد تالیاں بجا رہے تھے ۔ میں اس چیز کو نہیں سمجھ پایا کہ حاضرین مسلمان تھے یا غیرمسلم ۔اگر مسلمان تھے تو کس بات پر تالیاں بجائی گئی تھیں کہ وزیر موصوف نے مساجد سے اللہ اکبر کی آواز جو دن میں 5مرتبہ بلند ہوتی ہے کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔جناب نے مدارس کو جہالت کی فیکٹریا ں قراردیا کہ جو پوری دنیا میں سب سے بڑی N.G.Osہیں ۔ پاکستان میں ہی کم وبیش 25لاکھ کے قریب بچے انہی مدارس میں پڑھتے ہیں ۔ جہاں ان کو قرآن وحدیث کے علاوہ دیگر علوم بھی پڑھائے جاتے ہیں ۔ کون ساایسا ادارہ ہے جو بچوں کو 3ٹائم کا کھانا ،رہائش ،تعلیم اور صحت کے متعلق سہولیات بالکل مفت میں فراہم کرتا ہے وہ صرف اور صرف یہی مدارس ہیں جن کو وزیر اطلاعات نے جہالت کی یونیورسٹیاں کہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مولویوں اور علماء کی کتابیں اور ان کی فکر نہیں اپناناچاہتے کیوں کہ یہ جہالت کی پیداوار اور مدارس میں پڑھایا جانے والا علم جہالت کا علم ہے ۔ پرویز رشید نے موت کا منظر اور مرنے کے بعد کیا ہوگا جیسے عقائدپر قہقہہ لگاتے ہوئے ان کا مذاق اڑایا ۔ جناب موصوف اتنے آگے بڑھ گئے ہیں کہ اسلامی شعائر کو کھلے عام تنقید اور جہالت کا گڑھ بتاتے ہیں ان کو اتنا نہیں پتہ کہ یہ جن کی نقالی یہ کررہے ہیں وہ خود موت کے منظر اور اس کے بعد والے معاملات پر تحقیق کرکے اسلامی تعلیمات کو سچ ماننے پر مجبور ہیں۔

مدارس میں پڑھائی جانے والی تعلیمات میں سے ایک آیت پیش کروں گا ’’قل ھل یستوی الذین یعلمون والذین لایعلمون‘‘ ’کیا جاننے والے اور نہ جاننے والے برابر ہوسکتے ہیں ‘ سورۃ الزمر آیت نمبر (۹) ۔کیا اس طرح کی واضح الفاظ کسی دنیاوی تعلیم میں ہمیں مل سکتے ہیں؟ مدارس کہ جن کو وزیر موصوف نے جہالت کا گڑھ بتایا ہے اس میں پڑھا یا کیا جاتا ہے یہ بھی دیکھ لیں علم التجوید،علم تفسیر،علم اصول تفسیر ،علم حدیث،علم اصول حدیث ،علم فقہ ،علم اصول فقہ،علم میراث ،علم عقائد،علم نحو،علم صرف،علم منطق ،علم فلسفہ ،علم بلاغت اور زمانہ کی ضرورت کے مطابق دیگر علوم جیسے کہ ریاضی ،انگلش اورکمپیوٹر وغیرہ۔یہ وہ خاص خاص علو م ہیں جو مدارس میں طلباء کو پڑھائے جاتے ہیں ان علوم کے حاصل کرنے کے بعد مدارس کے طلباء ان علوم میں ایک استاد کی سی حیثیت رکھتے ہیں ۔ جس طرح عصری تعلیم حاصل کرنے کابنیادی مقصد اچھی نوکری ہوتا ہے اسی طرح مدارس کا بنیادی مقصد اسلام کی اشاعت وترویج ہے اور مدارس اس مقصد میں کامیاب بھی ہیں ۔ اگر مساجداور مدارس نہ ہوتے تو آج ہم نام کے بھی شاید مسلمان نہ ہوتے ۔اب بھی حال یہ ہے کہ مسجد کا مولوی ہمیں پیدائش کے وقت اذان دینے کے لئے اور مرنے کے بعدآخر ی رسومات اورجنازہ کے لئے یا د آتا ہے ۔ یہ وہ طبقہ ہے جس نے آج تک اپنے حقوق کے لئے کوئی ہڑتال کوئی احتجاج نہیں کیا اور وزیر موصوف تو سیاست کا حصہ ہیں جس میں آئے روز دھرنے، مارپیٹ، کیچڑ اچھالنا، احتجاج ، بلیک میلنگ الغرض سب چلتا ہے ۔ تو کون بہتر ہے؟وزیر موصوف کی اس تقریر نے پورے ملک میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی اور حسب توقع دینی رہنماؤں کی طرف سے سخت بیانات سامنے آئے۔

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

ممتازعسکری دانشور جنرل (ر)حمید گل نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پرویز رشید کسی جہالت کی یونیورسٹی سے پڑھ کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویزرشید جہالت کی تعریف ہی واضح کردیتے۔ وہ بتائیں کہ کیا لوگوں کو قرآن وحدیث پڑھانا جہالت ہے؟۔ امیرجماعۃ الدعوہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ قرآن وحدیث کی تعلیم دینے والے دینی مدارس کو جہالت کو یونیورسٹیاں قراردینا شعائراسلامی کی توہین ہے ۔ جمیعت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہا کہ کوئی کم علم آدمی ہی دینی مدارس کے حوالہ سے ایسی بات کرسکتا ہے ۔ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر نے کہا کہ پرویز رشید نے دینی مدارس کوجہالت کی یونیورسٹیاں قراردے کر خود کوسب سے بڑے جاہل ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فریداحمد پراچہ نے کہا کہ پرویز رشید نے دینی مدارس کے خلاف بات کرکے اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے ۔جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ض) کے سربراہ اعجازالحق ،جماعت اہل حدیث کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا کہ دینی مدارس پاکستان کی نظریاتی اساس ہیں۔

پرویز رشید صاحب !آپ تقریرکرنے سے پہلے ذرا پاکستان کی تاریخ پرنظر ڈالتے تو آپ کو پتہ چل جاتا کہ آپ کس کو جاہل کہہ رہے ہیں۔ جو سب سے زیادہ محب وطن ہے جس کا سب کچھ پاکستان میں ہے جس کی کمائی ،آمدن الغرض جائیدادیں سب پاکستانی ہیں۔ سیاست دان اور ’’علم ودانش‘‘ کی فیکٹریاں جن کے ٹوائلٹ کا ٹشوپیپر تک باہر سے آتا ہے اور جب بھی ملک پاکستان پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو آپ جیسے کئی دانشور ملک سے فرار ہوکر عیش وعشرت میں ڈوب جاتے ہیں اور جیسے ہی حالات صحیح ہوئے پھر سے وطن کی یاد آگئی۔آپ ایک ذمہ دار وزارت پر ہیں آپ کو اس طرح کی باتیں زیب نہیں دیتیں اور اوپر سے آپ کی جماعت کا نام بھی مسلم لیگ ہے۔ آپ کے فرامین کو سامنے رکھتے ہوئے آپ کی جماعت کا نام مسلم کوتبدیل کرکے جہالت لیگ ہونا چاہیے۔

جہاں تک بات دہشت گردی سے مدارس اوراسلام کو جوڑنے کی ہے تو آپ بتاسکتے ہیں کہ صولت مرزاجیسے کئی لوگ کس مدرسے کے سند یافتہ تھے ۔جناب وہ آپ کے سسٹم کی پیداوار ہیں اور آپ کے اپنے ہی سیاست دان ان کی پشت پناہی کررہے ہیں تو کیا آپ سیاست پر پابندی لگاسکتے ہیں ؟یہ بات سچ ہے کہ ہرادارے میں اصطلاحات کی گنجائش ہوتی ہے ۔ہرادارے میں اچھے برے لوگ مل جاتے ہیں ۔اگر کوئی فوجی کچھ غلط کرتا ہے تو ساری فوج ہی غلط نہیں ہوسکتی ۔اسی طرح اگر کوئی سیاست دان کچھ برا کرتا ہے تو سارے ہی برے نہیں ۔جناب اصطلاحات کریں نہ کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلام کوبدنام کریں ۔ یہ ملک جتنا آپ کا ہے اتنا ہی ان مدارس میں پڑھنے والے اور پڑھانے والے لوگوں کا بھی ہے ۔ ان لوگوں نے اپنا کام بخوبی سرانجام دیا ہے۔اس طبقہ نے کبھی بھی حکومت سے مراعات نہیں مانگی۔قیام پاکستان کے بعد سے لے کر اب تک وہ واحد طبقہ ہے جس نے کبھی حکومت کے خلاف کوئی متحدہ محاذ نہیں کھولا۔ اکادکا واقعات میں بھی اکثریت حکومت کے ساتھ کھڑی رہی ہے یہ اس طبقے کی دوراندیشی ہے ،امن پسندی اور ایک ذمہ دارشہری ہونے کی نشانی ہے۔جس کو ’’وزیر باتدبیر ‘‘ چاہتے ہیں کہ جہالت کا لبادہ اوڑھا کر بند کردیں ۔یہ ملک اسلام کے نام پربنا تھا اور اس میں اسلامی تعلیمات ہی اچھی لگتی ہیں جو سیکولر ذہنیت کے مالک ہیں ان کو جہاں سے اس کی تعلیم ملی ہے وہ ادھر جاکر عیش کریں ۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام کا ہے۔

Muhammad Attique

Muhammad Attique

تحریر : محمد عتیق الرحمن
03216563157