ساہیوال کے قریب ٹریفک حادثہ، اداکارہ خوشبو کا بھائی جاں بحق، اداکارہ سمیت 8 افراد زخمی

Accident

Accident

ساہیوال (جیوڈیسک) ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹرک اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں اداکارہ خوشبو کا بھائی جاں بحق ہوگیا جبکہ خوشبو سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

ادکارہ خوشبو اپنے بھائی جاوید اور دیگر افراد سمیت سیہون شریف سے لاہور واپس آ رہی تھیں ۔ ساہیوال جی ٹی روڈ پر ایک سو بتیس نائن ایل کے قریب ان کی وین ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے خوشبو کا بھائی جاوید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ خوشبو تین دیگر خواتین اور ایک بچے سمیت آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جس کے بعد انہیں لاہور ریفر کر دیا گیا ہے ۔ زخمیوں کا کہنا ہے کہ ملتان میں سحری کے بعد وین میں سوار تمام افراد سو گئے کہ حادثہ ہوگیا ۔ لاہور میں لائے جانے والے زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔