سکولز کے سامنے گندا پانی طلبا و طالبات کو مشکلات کا سامنا

Kassowal School

Kassowal School

تحریر : اختر سردار چودھری
مختلف دیہات میں بنایا جانے والا سیوریج سسٹم بھی ناکارہ ہوتا جا رہا ہے مختلف دیہات میں آئے روز سیوریج سسٹم بندہوجاتا ہے جس کی وجہ سے گائوں کی گلیوں میں گندا بدبودار پانی کھڑا ہوجاتا ہے جو شہریوں کے لئے وبال جان بن جاتا ہے اورمختلف قسم کی موذی بیماریوں کا بھی باعث بنتا ہے۔ کسووال اور گردونواح کے دیہات میں صفائی اور سیوریج کی خرابی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔ پہلے پہل تو متعلقہ اہلکاردیہات میں جاکر گندگی پھیلانے کے ذمہ دارن کا چالان وغیرہ کرتے تھے جس سے صفائی کی صورتِ حال نسبتاً بہتر رہتی تھی ۔ لیکن اب عرصہ دراز سے متعلقہ اہلکار نظر نہیں آتے جس کی وجہ سے دیہات کی گلیاں گندگی کے ڈھیروں اورسیوریج کے گندے پانی سے لتی پتی نظر آتی ہیں اور خصوصاً بارش کے دنوں میں تو گائوں کی گلیوں سے گزرنا مسئلہ بن جاتا ہے اور یہی گندگی کے ڈھیر بیماریاں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔

تحصیل چیچہ وطنی کے شہر کسووال کے نواحی گائوں 4چودہ ایل میں سیوریج کی خرابی کے باعث گندا پانی گائوں کے تمام بازارں میں پھیل گیا۔ یاد رہے کہ سیوریج ایک سال سے خراب ہے۔ جس کی وجہ سے بدبو اور تعفن سے گزرنے والوں کا جینا محال ہوچکا ہے ۔یاد رہے کہ اسی گائوں میں رول ہیلتھ سنٹر ،شفا خانہ حوانات، ڈاک خانہ ، ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کے سکول بھی موجود ہیں۔

گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول بائی پاس کسووال سے گائوں میںداخل ہوتے ہی واقع ہے ، سکول کی طالبات کی تعداد تقریباََ ایک ہزارسے زیادہ ہے۔گائوں کی حدود کے شروع میں ہی موجود ہے لیکن سیوریج کا گندا پانی وہاں پر بھی پہنچ گیا جس کی وجہ سے طالبات کو پیدل گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔جبکہ سکول سڑک کے ساتھ ہونے کی وجہ سے بدبو اور تعفن سے طالبات بہت زیادہ پریشان ہے۔

Dirty Water in Front of School

Dirty Water in Front of School

ایک طالبہ نے بات کرتے ہوئے کہا ہے سارا دن بدبو اور تعفن کی وجہ سے تو میرا سردرد ہی ہوتا رہتا ہے ،سکول میں پڑھائی کرنا مشکل ہوجاتی ہے۔طالبہ نے بتایا کہ اکثر طالبات آئے روز بیمار ہوجاتی ہیں اور جس کی وجہ سے سکول سے چھٹی کرنا مجبوری بن جاتی ہے جس سے ہماری پڑھائی پر گہرا اثر پڑھتا ہے۔ گرلز سکول کی ایک ٹیچر نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکول کے سامنے گندے پانی سے گزرتے ہوئے اکثر طالبات پھسل جاتی ہیں اور بعض موٹرسائیکل پر آنے والی طالبات اور ان کے گھر تو موٹر سائیکل پھسلنے سے زخمی بھی ہوچکے ہیں۔

ان کا کہناہے کہ ہنگامی بنیادوں پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر صاحب نوٹس لیکر کم از کم سکول کے سامنے سے تو اس گندے پانی کے جوہڑوں کو ختم کروائیں۔تاکہ طالبات کو سکون اور سکھ کا سانس مل سکے۔گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گا ئوں میں داخل ہونے والی مین سٹرک پر واقع ہے، سکول کے طالب علموں کی تعداد تقریباََ دو سوکے قریب ہے۔

اسی مین سڑک سے ہی گائوں والے گزر تے ہیںجبکہ اس مین سڑک کو درجنوں دیہات کے مکین اپنی آمدرفت کے لئے استعمال کرتے ہیں یہاں سے گزر کر ہی لوگ رول ہیلتھ سنٹر ،شفا خانہ حوانات، اورڈاک خانہ میں پہنچ پاتے ہیں۔لیکن گاؤں میں داخل ہونے کے لیے آپ کو تالاب نما سڑکوں کو عبور کرنا ہو گا، گندے و بدبو دار پانی کا یہ سلسلہ گائوں کی ہر گلی میں پھیلا ہوا ہے۔

Kassowal Govt School

Kassowal Govt School

اسی گائوں کے رہائشی نوجوان وقاص احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گائوں کے سیوریج کے گندے پانی کے کنویں کی صفائی نا ہونے کی وجہ سے گٹر بند ہوچکے ہیں ۔جس سے گٹروں سے پانی ابل ابل کر گائوں کی گلیوں اور بازاروں میں جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے جس سے گائوں والے مشکلات اور مسائل سے دو چار ہیں گائوں کے ہی رہائشی ،پی ٹی آئی کے مقامی رہنما سردار ریاض ڈوگر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں کا سیوریج سسٹم خراب ہونے کے باعث ابھلتے گٹروں کا گندا پانی سکولز کے سامنے سڑکوں پر کھڑا ہو جاتا ہے۔دونوں سکولز کے سامنے گیٹ سے طلبہ و طالبات کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ارباب اختیار سے اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اہل دیہہ میں سے کسی نے بھی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے کو کوئی تحریری درخواست نہیں دی ۔صرف مقامی سطح پر زبانی کلامی طور پر ہی سیوریج کو درست کرنے کا کہا گیا ہے ۔ابھی تک اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گے ۔یونین کونسل کے چیئرمیں سردار رشید ڈوگر نے کہا کہ گزشتہ دنوں معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ، ایم پی اے چودھری ارشد جٹ نے گائوں کے رول ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا تو اس موقع پر اہل دیہہ نے انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے سیوریج کی درستگی کا وعدہ کیا تاحال گٹروں اور گندے پانی کے کنویں کی صفائی نا ہوسکی۔

گا ئوں کے رہائشی رانا طاہر جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کئی بار انتظامیہ کو نکاسی آب کی درستگی کے لئے کہا ہے مگرکسی نے بھی تاحال اس گندے پانی کے خاتمے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے،ہماری اعلی حکام سے درخواست ہے کہ سکولز کے سامنے گندے پانی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طورپر سکولز کے سامنے سڑک پر موجود گندے پانی سے نجا ت دلوائی جائے تاکہ طالب علموں کو آنے جانے میں کوئی دشواری نہ ہو۔اہلیان دیہہ چک نمبر 4 چودہ ایل نے چیئرمین ضلع ساہیوال اور کمشنر اور ڈپٹی کمشنر صاحب سے فوری طور پر گائوں کے سیوریج سسٹم کی درستگی گندے پانی کے کنویں کی صفائی ، گلیوں میں کھڑے گندے پانی کے خاتمے کے لئے یونین کونسل کے چیئرمین،کونسلرزاور سیکرٹریز کی ذمہ داریاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Akhtar Sardar Chaudhry

Akhtar Sardar Chaudhry

تحریر : اختر سردار چودھری