سندھ اسمبلی کے کوارٹرز گرانے کا معاملہ، متاثرین کا چوتھے روز بھی احتجاج

Protest

Protest

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کی پارکنگ لاٹ کے لئے گرائے گئے سرونٹس کوارٹرز کے رہائشیوں نے ایک اور رات سردی میں کھلے آسمان تلے گزار دی، متحدہ کے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ رہائشیوں سے کسی حکومتی نمائندے نے رابطہ نہیں کیا، مکینوں کو نکالا تو نہیں جا رہا لیکن بجلی، گیس اور پانی بند ہے۔

پیپلز پارٹی نے اپنے ہی نعرے روٹی، کپڑا اور مکان کی دھجیاں اڑا دیں، بجلی، گیس اور پانی بند ہے اور پارکنگ لاٹ کے لئے گرائے گئے سرونٹس کوارٹرز کے رہائشیوں کا کوئی پرسان حال نہیں، سرد موسم میں کھلے آسمان تلے چٹائیوں پر بیٹھی برقعوں میں لپٹی خواتین نے اینٹوں پر بنائے گئے چولہوں میں لکڑیاں جلا کر ناشتہ تیار کیا۔

قانون بنانے والی عمارت کے زیر سایہ سروں سے چھت چھینے جانےوالے بے یارو مدد گا افراد انصاف مانگ رہے ہیں۔ متحدہ کے خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رہائشیوں سے کسی حکومتی نمائندہ نے رابطہ نہیں کیا، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ شہر میں کوئی بھی شخص بے یارو مددگار نہیں ہونا چاہیے۔