اپنی ہی بہن کا گھر اجاڑنے والے بھائی بے نقاب

Police Station Wah Sadar  Taxila

Police Station Wah Sadar Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) اپنی ہی بہن کا گھر اجاڑ نے والے بھائی بے نقاب، طلاق کی غرض سے اسلحہ کی نوک پرسالوں نے بہنوئی کو اغواء کئی روز تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے ، بہن کو طلاق دو ورنہ جان سے مار دیں گے ، ماڈل ٹاون واہ کے ایک مکان میں قید کر کے زبردستی اسٹام پر دستخط کرائے ، بہنوئی نے موقع سے بھاگ کر اپنی جان چھڑائی، تھانہ واہ صدر نے مدعی کی درخواست پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دو گھنٹوں کے اندر واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق محمد لطیف ولد شمس الدین ساکن سیٹلائٹ ٹاون واہ کینٹ نے چھ اکتوبر کو تھانہ صدر واہ میں درخواست دی جس میں مذکورہ شخص نے موقف اختیار کیا کہ اس کے تین سالوں نوید ، زبیر اور راشد نے اسے ماڈل ٹاون نے اسلحہ کی نوک پر اغواء کیا ،اور اسے اٹک لے گئے جہاں ایک مکان میں اسے قید رکھا گیا اور آہنی راڈوں کے زریعے اس پر ظالمانہ تشدد رو ارکھا گیا،اس دوران اسکے سالے اسے بیوی کو طلاق دینے پر مجبور کرتے رہے،بات نہ ماننے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی گئی،تشدد کے بعد ایک کار میں ڈال کر اسکو دوبارہ ماڈل ٹاون لایا گیا جہاں ایک مکان میں دوبارہ قید کردیا گیا جبکہ اس سے طلاق کے لئے ایک اسٹام پر دستخط کرائے گئے،اس دوران اس کی جامع تلاشی کر کے زیر استعمال موبائل فون اور پنتالیس ہزار روپے نقدی بھی چھین لی گئی۔

پولیس نے مدعی کی درخواست پر چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی اور دو گھنٹے بعد ہی ملزمان تک رسائی حاصل کر کے انھیں گرفتار کر لیا،جبکہ ملزمان سے آلہ ضرب اوراغواء کی واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور کار برآمد کر کے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 365کے تحت مقدمہ درج کر لیا ، ادہر واہ کینٹ ٹیکسلا کے سماجی و عوامی حلقوں نے پولیس کی کاروائی پر انھیں خراج تحسین پیش کیا،دوران تفتیش ملزمان نے اغواء کا اعتراف کیا جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا آتشین اسلحہ و دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔