مسئلہ کشمیر کا فوری حل انتہائی ضروری ہے: صوفی مسعوداحمد صدیقی لاثانی

Lahore

Lahore

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر، چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہاہے کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا فوری حل انتہائی ضروری ہے ، اقوام متحدہ کشمیری مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم ، بھارتی تسلط ختم کروانے اور انہیں حق خودارادیت دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”یوم یکجہتی کشمیر ”کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھاکہ کشمیر مسلمان اپنا بنیادی حق لینے کیلئے بے پناہ قربانیاں دے چکے ہیں جبکہ بھارت ایک طرف قیام امن کا علمبردار بننے کی کوشش کرتا ہے تو دوسری جانب کشمیر ظلم و جبر کی بے انتہا داستانیں رقم کرچکاہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،ہم حکومت پاکستان کو تجویز دیتے ہیں ۔

وہ مسئلہ کشمیر کے ایشو پر اپنا احتجاج عالمی سطح پر ریکارڈ کرائے اور اپنے دوٹوک موقف سے پیچھے بالکل نہ ہوکیونکہ کشمیر یوں کو آزادی دینا ہی ہوگی، انہوں نے کہاکہ ہم تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے پلیٹ فارم سے کشمیر ی مسلمانوں پر جاری ظلم وستم اور بھارتی تسلط کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ ، یورپی یونین ، او آئی سی اور دیگر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے فوری اور موثر حل کیلئے مل بیٹھ کر مثبت راہ نکالی جائے تاکہ کشمیر ی مسلمانوں کے ناحق بہانے اور ان پر جاری ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے والوں کو لگام ڈالی جاسکے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”یوم یکجہتی کشمیر ”پر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام پورے ملک میں پرامن احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائینگی، تقریب سے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی، پیر الطاف حسین نقشبندی،پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر محمد راشد نقشبندی، پیر حاجی محمد افتخار نقشبندی، پیر سید عدنان اکرم ، محمد ریحان خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کشمیر ی مسلمانوں جاری انسانیت سوز تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔