سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم تین سو پندرہ رنز بنا کر آؤٹ

Pakistan vs Australia

Pakistan vs Australia

سڈنی (جیوڈیسک) سڈنی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم تین سو پندرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ خان آف مردان یونس خان کے ناٹ آؤٹ 175 رنز نے میچ میں کچھ جان ڈالی۔

سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز بارش نے اپنا کھیل دکھایا۔ دوپہر کے کھانے تک خراب موسم نے رنگ میں بھنگ ڈالے رکھی۔

پاکستان نے 271 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی ادھوری اننگز شروع کی۔ مرد بحران یونس خان ڈٹے رہے۔ یاسر شاہ دس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ عمران خان کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ تین سو پندرہ رنز پر پاکستانی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ یونس خان 175 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

223 رنز کا خسارہ یعنی تکنیکی بنیادوں پر گرین کیپس فالو آن کی شکار ہو گئی لیکن میزبان کینگروز نے فالوآن نہ کرایا اور خود بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔ چھ قومی بلے باز ڈبل فگر میں نہ جا سکے۔

اظہر علی 71، سرفراز احمد اور کپتان مصباح الحق نے اٹھارہ اٹھارہ رنز کی اننگز کھیلی۔

جوش ہیزل وُڈ نے چار شکار کیے، نیتھن لائن نے تین مہرے کھسکائے جبکہ مچل سٹارک اور اوکِیف کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔