سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری ٹی ٹونٹی میں بھی پاکستان کو شکست

Pakistan and England

Pakistan and England

شارجہ (جیوڈیسک) ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور رفعت اللہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ انگلینڈ کی طرح پاکستان کو پہلے ہی اوور میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب سیلفی ماسٹر احمد شہزاد ڈیوڈ ویلے کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے اور اس کے بعد پروفیسر حفیظ کی صورت میں پاکستان کی دوسری وکٹ گری۔

حفیظ بھی کوئی خاص کارنامہ سرانجام دینے میں ناکام رہے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین جا بیٹھے۔ 11 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب رفعت اللہ ڈیوڈ ویلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 50 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب محمد رضوان 24 رنز محمد راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمر اکمل تھے جو صرف 4 اسکور بنا سکے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی 29 کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ ویلے کا شکار بنے۔ شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن روئے اور جیمز وینس نے کیا۔ انگلینڈ کو آغاز ہی میں پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈیبیو کرنے والے عامر یامین نے میچ کے پہلے اوور اور اپنے کیرئیر کی پہلی ہی گیند پر جیسن روئے کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔ 48 کے مجموعی اسکور پر انگلیںڈ کی دوسری وکٹ گری جب شاہد آفریدی کی گیند پر روٹ آوٹ ہوئے۔

روٹ 32 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ شاہد آفریدی نے اپنے اوور کی آخری گیند پر معین علی کو کیچ آؤٹ کر دیا۔ مجموعی اسکور میں 20 رنز کے اضافہ پر انگلینڈ کو چوتھی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب مورگن شعیب ملک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ پانچویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین بٹلر تھے جو شاہد آفریدی کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔ وینس اور وکس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

وینس نے اسکور بورڈ میں 46 رنز کا اور وکس نے 37 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی ، سہیل تنویر نے دو، دو وکٹیں جبکہ عامر یامین ، شعیب ملک اور انور علی ایک ، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہو سکے۔