قبائلی عوام کی مدد سے دہشتگردوں کو واپس نہیں آنے دیں گے: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

پشاور (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ فاٹا اور قبائلی علاقوں کے عوام نے نہ صرف دہشتگردی کا حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا بلکہ دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے، قبائلی عوام کی مدد سے دہشتگردوں کو کسی صورت واپس نہیں آنے دینگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ہوا جس میں گورنر ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، آرمی چیف ، کور کمانڈر پشاور اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں قبائلی علاقوں کی سیکورٹی اور فاٹا میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ، عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشنز سمیت فاٹا آپریشن میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آرمی چیف نے قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کی عوام کی قربانیوں اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قبائلی عوام نے نہ صرف دہشتگردی کا حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا بلکہ دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن اور ریاستی رٹ قائم کرنے کے بعد مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کے ساتھ ساتھ انتظامی نظام قائم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قبائلی بھائیوں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان علاقوں میں واپس نہیں آنے دیں گے۔

آرمی چیف نے آپریشن سے متاثرہ علاقوں سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی پروقار انداز میں واپسی کا عزم ہے، انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے جاری اقدامات میں تیزی لا کر بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔

گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے اور ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کی بھرپور حمایت اور تعاون پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔