متحدہ لندن کے 4 رہنماؤں کو رینجرز نے حراست میں لے لیا

MQM Arrested

MQM Arrested

کراچی (جیوڈیسک) شام چار بجے کراچی پریس کلب کے باہر سے متحدہ لندن کی عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر حسن ظفر اور کنور خالد یونس کو رینجرز نے حراست میں لے لیا۔ ایم کیو ایم لندن کی عبوری رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس کرنا تھی اور کچھ وکلا کی شمولیت کا اعلان کرنا تھا لیکن پریس کلب کے باہر اپنے ساتھیوں کا انتظار کرنے والے ڈاکٹر حسن طفر کو پریس کانفرنس سے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ کچھ دیر بعد متحدہ لندن کے رہنما کنور خالد یونس پریس کلب پہنچے تو انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کو رینجرز اہلکار تفتیش کے لئے ساتھ لے گئے۔

اس دوران متحدہ لندن کے رہنما امجد اللہ خان کلب میں بیٹھے رہے۔ انہوں نے پہلے پریس کانفرنس کی تیاری کی لیکن پھر ارادہ ملتوی کر دیا۔ چار گھنٹے کلب میں بیٹھے رہنے کے باوجود امجد اللہ گرفتاری سے بچ نہ پائے وہ باہر نکلے تو رینجرز اہلکاروں نے انہیں بھی حراست میں لے لیا۔ اس سے پہلے ایک صحافی کو بھی امجد اللہ سے مشابہت کی وجہ سے رینجرز اہلکاروں نے پکڑ لیا تاہم کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا۔

رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما ساتھی اسحاق کے گھر پر بھی چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ اُدھر حیدرآباد میں بھی ایم کیو ایم لندن کے رہنما ظفر راجپوت کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز اہلکاروں نے ظفر راجپوت کے گھر کی تلاشی بھی لی۔