مغربی کلچر کے فروغ کے باعث بچے تعلیم وہنر کو چھوڑ کر عشق میں پڑ گئے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : معروف مذہبی اسکالر،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ویلینٹائنز ڈے اور بسنت نسل نو کی اخلاقی تباہی کا ذریعہ ہے،مغربی کلچر کے فروغ کے باعث بچے تعلیم وہنرکو چھوڑ کر عشق ومعاشقوں میں پڑگئے ، یلنٹائنز ڈے ، بسنت اخلاقاتی تباہی ، جنسی انارکی اور اخلاقی نقصانات کا باعث ہیں ،ملک بھرمیںپابندی ضروری ہے یہ کون سی طاقتیں ہیںجوملک میں اسلامی تہذیب کو مٹاکرغیراسلامی وغیرشرعی ثقافت تھوپناچاہتے ہیں، میڈیا کا معاشرے میں اہم کردارہے۔

پیمرا قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، اسلام رشتوں کے تقدس اور محبت کا سب سے بڑا داعی ہے ،ولدین کو بوڑھاپے میں اولڈ ہاوسز شفٹ کرنے والے محبت کا دن کس منہ سے مناتے ہیں۔ ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ویلنٹائنز ڈے کے موضوع پرملکی وغیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ایک طرف عالم اسلام کیخلاف مسلح جنگوں کے ذریعے سے عالمی کفریہ طاقتیں برسر پیکار ہیں تو دوسری جانب تہذیب جنگ میں اسلامی تہذیب کو خطے میں نئے نئے عنوانات سے نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جاتی ہیں ، انہوںنے کہاکہ خطے میں اسلامی تہذیب کا سب سے بڑا محافظ پاکستان ہے جو اپنی مکمل تہذیب رکھتاہے اسے بیرونی تہذیب کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ مغربی کلچر کے فروغ کے باعث ہی آج وطن عزیز میں بچے تعلیم وہنرکو چھوڑ کر عشق ومعاشقوں میں پڑھ رہے ہیں معصوم بچیوں تک کی بھی عزتیں محفوظ نہیں رہی اور آئے روز دلسوز واقعات رونماء ہورہے ہیں اس کے ذمہدار وہ افراد اور حکمران ہیں جو مادر پدر آزادی کو اپنا حق سمجھ کر اسلام سے دور بھاگتے ہیں ،انہوںنے کہاکہ دینی مدارس اسلامی تہذیب کے رکھوالے اور داعی ہیں جو کسی صورت بیرونی کلچر کو وطن عزیز میں عام ہونے نہیں دیں گے ، ، انہوںنے کہاکہ بسنت اور ویلنٹائنزڈے کا تعلق نہ مسلمانوں سے ہے اور نہ اسلام سے ہے۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں مغربی کلچر کے دلدادہ لوگ اسلامی تہذیب کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں مختلف حیلے بہانوں سے اسلامی تہذیب اور اسلام کو نشانہ بنایا جاتاہے ، انہوںنے کہاکہ اسلام میں ہر فرد کو ہرقسم کی جائز آزادی دی گئی ہے لیکن آزادی کی آڑ میں بے حیائی کی باتوںکا فروغ جائز نہیں،ایسے ہر کام سے اسلام نے سے منع کیاہے جو معاشرے میں جنسی انارکی اور اخلاقی نقصانات کا باعث ہو ،ویلنٹائنز ڈے اور بسنت اخلاقاتی تباہی کے باعث ہیں اس پر ملک بھر میں پابندی عائد کرنی چاہیے اورہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے اجتناب کرے۔

انہوںنے کہاکہ میڈیا کا معاشرے میں اہم کردار ہے اسلئے میڈیا ہاوسز کے مالکان سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ذمہداریوں کا احساس کرتے ہوئے اس طرح کے بہود ہ رسوم کیخلاف عوام میں مہم چلائیں تاکہ وطن عزیز سے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہوسکے ، ۔مفتی محمدنعیم نے مطالبہ کیا کہ پیمراکی جانب ایسے تمام پروگرامات پر پابندی عائد کی جائے جو مغربی تہذیب اور مادر پدر آزاد کلچر کے فروغ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔