ورلڈ ٹی ٹونٹی : ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

Virat Kohli

Virat Kohli

موہالی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹونٹی کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اس میچ میں بھی بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی مرد میدان رہے جنہوں نے ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ویرات کوہلی نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کا کوئی بھی گیند باز ان کے بلے سے اگلتے ہوئے رنز کو روکنے میں ناکام رہا۔ کوہلی کی شاندار پرفارمنس کے باعث انھیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھارتی ٹیم نے انیس اعشاریہ ایک اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے واٹسن دو وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلر رہے۔ اس سے قبل آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرن فنچ کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں گلین میکسویل 31 اور عثمان خواجہ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ اشیش نہرا، جسپریت بومرا، ایشون اور یووراج سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔