ورلڈ ٹی 20 : پاکستانی بلے باز پھر ناکام، نیوزی لینڈ میچ جیت گیا

Sharjeel

Sharjeel

موہالی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹونٹی سپر ٹین گروپ ٹو کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دیدی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پاکستان کو جیت کیلئے 181 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

شرجیل خان کے علاوہ کسی اور بلے باز نے جم کر بیٹنگ نہ کی۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل نے انتہائی سُست رفتاری سے بلے بازی کرکے جیتا ہوا میچ اپنے ہاتھوں سے نکال دیا۔ پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا پراعتماد طریقے سے آغاز کیا۔ شرجیل خان نے اپنی بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے صرف چار اوورز میں اپنی پہلی نصف سینچری مکمل کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 65 رنز پر گری جب شرجیل خان کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ شرجیل خان نے صرف چوبیس گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ایڈم ملنے کی گیند پر مارٹن گپٹل نے ان کا کیچ لیا۔

اس کے بعد تو جیسے پاکستانی بلے بازوں کی لائن لگ گئی۔ محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے بلے باز خالد لطیف اپنی ٹیم میں شمولیت کو درست ثابت نہ کر سکے اور صرف 3 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مچل سینٹنر کی گیند پر ایلیٹ نے ان کا کیچ لیا۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 96 رنز پر اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد بھی کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹے۔ احمد شہزاد نے بتیس گیندوں پر 30 رنز کی سُست اننگز کھیلی۔ یہ وکٹ بھی مچل سینٹنر کے حصے میں آئی۔ گپٹل نے آسان کیچ لیا۔