زمبابوے کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، شاہد آفریدی

Shahid Afridi

Shahid Afridi

لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دے دیا، آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ ملکی سونے گراؤنڈ آباد ہونے کی خوشی ہے، اپنی کارکردگی سے ٹوئنٹی 20 سیریز کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ نارتھمپٹن شائر کاؤنٹی کا حصہ بننے کے لیے11 مئی کو انگلینڈ جارہا ہوں اور 18مئی کو وطن واپس لوٹ کر مہمان ٹیم کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کروںگا۔یاد رہے کہ 6 سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ اسٹیٹس کی حامل زمبابوے ٹیم 19 مئی کو لاہور پہنچے گی اور 14 روزہ دورے کے دوران 2 ٹوئنٹی20 اور 3ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی، پہلا ٹوئنٹی 20 میچ 22 مئی کو کھیلا جائیگا جبکہ دوسرے مختصر طرز کے میچ میں دونوں ٹیمیں 24 مئی کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔

ایک سوال پرقومی کپتان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف مختصرطرز کا میچ ہارنے کا افسوس ہے لیکن اپنی سرزمین پر سیریز اپنے نام کر کے شائقین کو دہری خوشی دینے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد واپس انگلینڈ جاؤں گا اور نارتھمپٹن شائر کاؤنٹی کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کروں گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ78 ٹوئنٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 35 سالہ شاہد آفریدی نے انگلش کاؤنٹی کے ساتھ جنوری میں معاہدہ کیا تھا اور معاہدے کی رو سے وہ نارتھمپٹن شائرکی طرف سے 6 میچز میں حصہ لیں گے۔