ذوالفقار مرزا سب کچھ ذاتی مفاد کے لئے کر رہے ہیں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا کے رویے کے بعد دوستی کا لفظ مشکوک ہوگیا اور وہ یہ سب کچھ ذاتی مفاد کے لئے کر رہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی شوگر ملز کی نیلامی کا سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا تو کیا ان کی شوگر ملز پر قبضہ عدالت نے کرایا۔

ذوالفقار مرزا جو زبان استعمال کررہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور یہ سیاست نہیں بیہودگی ہے جب کہ ان کے اس رویے کے بعد دوستی لفظ مشکوک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنے محسن کا نہیں ہوسکا وہ کسی اور کا کیا ہوگا، سیاست میں الفاظ کا استعمال دیکھ کر کیا جاتا ہے، ذوالفقار نے جو زبان استعمال کی اس پر انہیں شرمندگی ہونی چاہیے، انہوں نےآصف زرداری ،فریال تالپور، مکیش چاولہ پر ذاتی حملے کیے۔

صوبائی وزیراطلاعات کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ذوالفقار مرزا کو سیکیورٹی دی ہوئی تھی تاہم ایک شخص جو اسلحے کے زور پر دکانیں بند کراتا ہے اسے پرائیوٹ سیکیورٹی کیوں دی جائے، پرائیوٹ سیکیورٹی کے نام پر ہتھیاروں کی نمائش نہیں ہوسکتی، ذوالفقار مرزا خود کو تیس مار خان سمجھتے ہیں اور انہوں نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا اس لئے عدالت اس کا نوٹس لے۔