اجازت ملی تو پاکستان کا دورہ کرینگے،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

BCB

BCB

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفی کمال کے درمیان ڈھاکہ میں ملاقات کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ پی سی بی چیئرمین نے بنگلہ دیش ٹیم کیلئے مکمل حفاظتی پلان پر بریفنگ دی جس کے بعد بنگلہ دیش بورڈ نے ٹیم بھیجنے پر اتفاق کیا۔
بنگلہ دیش بورڈ کے مطابق جنوری میں ایک سکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کریگا جس کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت سے اجازت طلب کی جائیگی۔ ملاقات میں مصطفی کمال کی آئی سی سی کے نائب صدر کیلئے نامزدگی پر بھی اتفاق کیا گیا جو آئندہ سال جنوری میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انڈر نائیٹین، اے ٹیم اور خواتین کی ٹیموں کے دوروں پر اتفاق کیا گیا۔