نئی صبح ایک نئی امید

Rohail Akbar

Rohail Akbar

عوامی شعور کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کیسے ان بیچاروں کی مت ماری گئی ہے اکثر انسان گھر سے کچھ چیزیں لانے کیلیے نکلتا ہے تو اسے واپسی پر پتا چلتا ہے کہ جو وہ لینے گیا تھا وہ تو لایا ہی نہیں اور ویسے ہی کچھ اور خرید لایا یہ انسان جان بوجھ کر نہیں کرتا بلکہ حالات نے اسکی سوچوں کو منتشر کرکے اس کی عقل پر پانی ڈال دیا ہوتا ہے کہ وہ جس کام کے لیے جارہا ہے اسکو بھول کر کسی اور ہی سوچ میں غرق ہوکر اپنا بھی وقت برباد کرتا ہے اور گھر والوں کی باتیں بھی برداشت کرتا ہے بڑے بڑے فراڈیوں نے جہاں اس ملک کا بیڑہ غرق کیا ہوا ہے۔

وہاں عوام کی بھی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو زنگ لگ گیا ہے اور اوپر سے پاکستانیوں میں بھیڑ چال کی ایسی ایسی مثالیں ہیں کہ جدھر کی ہوا دیکھی ادھر کو اپنا منہ بھی کرلیا اسی لیے تو عوام کو بیوقوف بنا بنا کر ہمارے سیاستدان خود مزے لے رہے ہیں کبھی کسی ملک کبھی کسی ملک وہ بھی پورے پروٹوکول کے ساتھ اور جس کے نام پر یہ سب ڈرامے بازی ہو رہی ہے اسی سے سیکیورٹی کا ڈر اور اوپر سے ہمارے سیکیورٹی کے ادارے میں ایسے ایسے خطرناک اور مکروہ چہروں والے کہ جن کی اپنی حیثیت بھی ایک عام سے انسان سے زیادہ نہیں مگر جب وہ بھی وردی میں آجاتا ہے تو پھر وہی فرعونیت اس پر بھی طاری ہو جاتی ہے جن کا وہ غلام ہوتا ہے پاکستان میں اب ایسا کوئی بھی سیاسی لیڈر نہیں ہے جس میں جرات اور ہمت ہو کہ وہ عام عوام میں گھل مل جائے انہوں نے تو عوام میں کیا نکلنا ہے انکے چمچے بھی عوام میں نہیں جاسکتے اور نہ ہی عوام کو ا نکے دفتروں کے پاس پھٹکنے کی اجازت ہوتی ہے اپنے ہی لوگوں سے ایسے ڈرتے ہیں جیسے یہ انکے دشمن ہوں۔

یہی حال آجکل تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کا ہے کہ وہ خود کو عوامی سیاستدان کہتے ہوئے نہیں تھکتے مگر انکا کوئی بھی لیڈر عوام میں نہیں جاتا اور نہ ہی جاسکتا ہے اگر جائے گا بھی تو اسکے اور عوام کے درمیان کم از کم ہزار گز کا فاصلہ ہوگا اور اس فاصلے کے باوجود بلٹ پروف شیشہ سامنے رکھے گا کیا پاکستانی سیاست میں صرف دھوکہ اور فراڈ ہی رہ گیا ہے اور سمجھنے والے سمجھتے ہیں کہ عوام کو روٹی،کپڑے اور مکان کا لالچ دو یا غربت ،بھوک اور بے روزگاری کے خاتمے کالچ دو اور پھر اقتدار میں آکر انہیں چیزوں سے عوام کو لڑاتے رہواور خود اپنے لیے محل بھی بنا لو پیرس اور لندن سے سوٹ بھی سلوا لو اور جائیدادیں بھی بنا لو اپنے بچوں کو امریکہ سے پڑھا کر پاکستان میں غریبوں کی خدمت کیلیے سیاست میں لائو اور پھر اپنی جگہ انہیں پاکستان کی مفلوک الحال عوام کی خدمت پر مامور کردونسل در نسل خدمت کا چلنے والا یہ سلسلہ نسل در نسل ہی عوام کو غربت اور بھوک کی چکی میں پیستا ہے جسکی زندہ مثال پاکستانی عوام ہے جسے ان حکمرانوں نے لالچ دے دیکر لالچی بنا دیا۔

Poverty Pakistan

Poverty Pakistan

اب کوئی کسی لالچ میں کسی کے ساتھ ہے تو کوئی کسی مفاد میں کسی اور کے ساتھ ہے بھوک اور غربت نے پاکستانیوں کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے بھی محروم کردیا ہے صبر نام کی کوئی چیز کسی میں نہیں پائی جاتی ہر کوئی ایک دوسرے سے بازی لینے کے چکر میں اپنے ہی ہم وطنوں کا استحصال کررہا ہے اور نہ ہی اس وقت تک کوئی اچھا لیڈر ہے اور نہ ہی کسی کے آنے کی توقع ہے ہاں اگر کچھ ایسے اشخاص جو حقیقی معنوں میں پاکستان کی صورتحال کو سمجھتے ہوں جن میں سابق سفیر اور رکن قومی اسمبلی میاں عبدالوحید ،جنرل(ر) نصیراختر ،سابق پولیس آفیسر شیخ اسرار احمد اور ان جیسے صرف چنداور لوگ اکٹھے ہو جائیں جن کو عوام سے کوئی ڈر اور خوف نہیں آتا اور عوام بھی ان سے باآسانی مل لے ایسے لوگ اگر ملکر ایک پلیٹ فارم سے براہ راست عوام میں جائیں تو کوئی بڑی بات نہیں کہ عوام کو بھی عقل اور سمجھ آجائے کیونکہ یہ ایسے لوگ ہیں جو بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے عوام کو نہیں دیکھیں گے بلکہ انہی کی چوکھٹ پر انہی کی زبان میں انہیں بات بھی سمجھا دیں گے اور چوروں اور ڈاکوؤں سے بچا بھی لیں گے۔

مگر ایسے لوگ بہت کم میدان سیاست میں قدم رکھتے ہیں کیونکہ وہ سب کچھ دیکھ چکے ہوتے ہیں اور انہی کے ہاتھوں کے تراشے ہوئے بت آج بت خانے میں بھگوان بنے بیٹھے ہوئے ہیں کیا ہی اچھا ہو کہ اگر ایسے تجربہ کار اشخاص اپنی عمر کے اس آخری حصہ میں اس ملک کی پسماندہ اور جہالت کی دلدل میں ڈوبی قوم کو بھی خواب غفلت سے اٹھا دیں اور جاتے جاتے اپنے حصہ کی شمع روشن کرجائیں ہوسکتا ہے کہ انہی کی جلائی ہوئی شمع انہی کے تراشے ہوئے بتوں کو جلا کر راکھ بنا دیں اور ایک نئی صبح ایک نئی امید کے ساتھ طلوع ہوجائے جس میں ہر طرف خوشیوں کے ڈیرے ہوں۔

تحریر : روھیل اکبر