پرویز مشرف کی باقیات کو مسلم لیگ میں گھسنے نہیں دینگے : رانا محمد حیات

حجرہ شاہ مقیم(جی پی آئی ) سابق ایم این اے مرکزی راہنما مسلم لیگ ن رانا محمد حیات نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی باقیات کو مسلم لیگ میں گھسنے نہیں دینگے ، پارٹی قیادت نے ق لیگ کے لوٹوں کو قبول کربھی لیا تو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں مسترد کردینگے، الیکشنوں میں لوٹوں اور لٹیروں کا صفایا ہوجائیگا کوئی طاقت میاں محمد نواز شریف کو وزیر اعظم بننے سے نہیں روک سکتی ، ضلع اوکاڑہ کے حلقہ این اے 145 کی محرومیاں دیکھ کر بیٹے رانا خضر حیات کو یہاں سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کرلیا ہے.

پارٹی قیادت سے رانا خضر حیات کیلئے ٹکٹ مانگوں گا نہ ملا الیکشن ضرور لڑینگے چاہے آزاد حیثیت میں ہی لڑنا پڑے ، یاروں کے یار ہیں دھوکہ نہیں کرتے جن دوستوں نے مشکل وقت میں پارٹی کاعلم بلند رکھا انکو ساتھ لیکر چلیں گے ،پرانی سیاست ختم ہوچکی جدید دور میں نوجون نسل اچھے برے کی تمیز ہم سے بہتر جانتی ہے ،اقتدار کی خاطر پارٹیاں بدلنے والوں نے عوامی مفاد پر اپنی ذات کو ترجیح دی اب وقت آ گیا ہے.

عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان سیاسی سوداگروں کو اٹھاکر باہر پھینک دیں ،اقتدار کے بھوکوں نے پہلے پاکستان دولخت کیا اب صوبہ پنجاب کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں ، جنوبی پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کرائے ہیں کسی اور حکومت نے نہیں کرائے ، ان خیالات کا اظہار سابق ایم این اے و سابق ضلع ناظم قصور رانا محمد حیات نے قصبہ راجووال میں رانا خضر حیات ،رانا اسد اقبال کے ہمراہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مقامی زمینداروں رانا محمد جمیل ،رانا عبدالرشید ،شوکت واہگرہ،رانامحمد ارشد سمیت معززین علاقہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔