ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہیں، رحمان ملک

rehman malik

rehman malik

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) مشیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہیں۔ امریکا ڈرون حملے فوری بند کرے۔ شہباز شریف اب اپنے ٹینٹ کے اندر دو بندر اور ایک ڈگڈگی بھی رکھ کر عوام کے لیے تفریح کا سامان بھی مہیا کریں۔نادرا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کو پچاس لاکھ روپے کا امدادی چیک دینے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن اب نقب لیگ بن چکی ہے۔ وزیراعلی پنجاب ٹینٹ لگا کر ڈرامہ بازی میں مصروف ہیں اور پنجاب میں بدامنی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف اب ٹینٹ کے اندر دو بندر اور ایک ڈگڈگی بھی رکھ کر عوام کے لیے تفریح کا سامان بھی مہیا کریں ۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور تندور اسکیم میں قوم کے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی جس کے ثبوت ان تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ،، اپنے بھائی نواز شریف کو پس پردہ کرکے خود ان کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ اپنے ہی بیٹے کے خلاف ازخودنوٹس قابل تحسین ہے۔ وفاقی حکومت کا ان کے بیٹے کے خلاف خبروں پر کوئی عمل دخل نہیں۔

کوہستان میں لڑکیوں کو قتل کیے جانے کے خلاف ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو قتل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کیا۔ عدالت نے انہیں معطل کیا مگر سات گھنٹے بعد وزیراعظم کی درخواست پر انہوں نے مشیر داخلہ کا عہدہ قبول کیا اور مشن جاری رکھا۔میاں صاحب کالعدم تنظیموں کے لوگوں سے دور رہیں۔