کراچی : فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں مزید 10 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں مزید دس افراد لقمہ اجل بنا دیئے گئے، سہراب گوٹھ میں پولیس چوکی پر دستی بم حملے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈالمیا میں سرچ آپریشن کے دوران 6 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

کراچی میں قیام امن شہریوں کے لئے خواب بن گیا۔ شہر کی ہر گلی میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ ہے اور شہری حکمرانوں سے مایوس ہو کر کسی مسیحا کے منتطر ہیں جو انہیں بے رحم قاتلوں سے نجات دلائے۔ سہراب گوٹھ میں دستی بم حملے سے پولیس چوکی تباہ ہو گئی۔ حملے میں دو اہلکار زخمی ہوئے جن کو جنا ح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اورنگی میں بنگلہ بازار اور غازی آباد میں فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ لی مارکیٹ کے قریب ایک کلینک میں فائرنگ سے ڈاکٹر نثار جاں بحق ہو گئے۔

نارتھ کراچی میں فائرنگ سے عرفان ہلاک ہوا۔ ملیر میمن گوٹھ میں فائرنگ سے دوافراد ہلاک ہوگئے۔ یوسف گوٹھ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔ دوسری جانب اورنگی ٹان میں اقبال مارکیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی جبکہ منگھو پیر میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب ٹائروں کے دکان پر شرپسندوں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ سہراب گوٹھ میں کریکر حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری طرف ڈالمیا میں سرچ آپریشن کے دوران 6 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔