کراچی : لیاری میں آپریشن 8 ویں روز میں داخل

Lyari

Lyari

کراچی : (جیو ڈیسک) لیاری میں پولیس کا آپریشن آٹھویں روز میں داخل ہو گیا، گزشتہ روز مختلف علاقے فائرنگ کی زد میں رہے، افشانی گلی میں پولیس نے کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔

لیاری کے باسیوں کو مسلسل آٹھویں روز بھی امن اور سکون کی سانس لینا نصیب نہ ہو سکی، چیل چوک، افشانی گلی، نوالین سمیت مختلف علاقوں آج بھی فائرنگ زد میں رہے۔ پولیس نے اندرون سندھ سے منگوائی جانے والی جدید بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے لیاری کی تنگ گلیوں میں داخل ہونے کی متعدد کوششیں کیں تاہم جرائم پیشہ عناصر کی شدید فائرنگ اور دستی بم حملوں نے پولیس کو کوششوں پرپانی پھیر دیا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق شاہ کا کہنا ہے کہ لیاری آپریشن میں پیش رفت ہوئی اور آپریشن اختتامی مراحل میں ہے اور کل تک ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں طالبان بھی موجود ہیں۔ پولیس حکام کی جانب افشانی گلی کنٹرول سنبھالنے اور شرپسندوں کے متعدد مورچے گرانے کے دعوے بھی کئے گئے ہیں۔