کراچی لیاری کشیدگی: مطلوب ملزم سمیت2ہلاک

karachi

karachi

کراچی: (جیو ڈیسک) لیاری میں دوسرے روز بھی فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ پولیس اور ایف سی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ فائرنگ اور مقابلے میں مطلوب ملزم ملا نثار کے بھائی سمیت دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

آج چیل چوک کے قریب سرچ آپریشن کیلئے پولیس کمانڈوز پہنچے تو شرپسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی۔ جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ دو طرفہ فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔ مکین گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ سڑکیں سنسان ہیں جبکہ کاروبار اور ٹریفک بند ہے ۔ پولیس ملزمان کی تلاش میں گھر گھر چھاپے مار رہی ہے۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے ذرائع کو بتایا گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزم ملانثار کا بھائی پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔ چوہدری اسلم نے لیاری کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کا عزم دہرایا۔ ایس ایس پی ساتھ ناصر آفتاب نے آپریشن میں غیر حاضری پر ایس ایچ او کلا کوٹ کو معطل کر دیا۔ کشیدگی کے باعث جامعہ اردو مولوی عبدالحق کیمپس میں تدریس آج معطل رہی۔