کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سات افراد جاں بحق

Target Killing

Target Killing

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو پولیس اہلکار اور خاتون سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور اسپتالوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے مین نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار میں اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے باعث کار میں سوار پولیس کانسٹیبل ندیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ساٹھی پولیس کانسٹیبل ساجد شدید زخمی ہوا جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل ندیم منگھو پیر اور کانسٹیبل ساجد شیر شاہ تھانے میں تعینات تھا۔ پولیس نے واقعہ کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ادھر برگیڈ کے علاقے میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کے باعث خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ سپرہائی وے سمن آباد کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔
شیر شاہ کے علاقے میں ٹیکسی سوار سید خان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلا ک کیا اور فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش ورثا تدفین کیلئے آبائی گاؤں لے گئے۔ یونیورسٹی روڈ پر عرفان نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے ملزمان نے ہلاک کیا پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں گنا مندی کے قریب غلام سخی کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے جبکہ ذرائع کے مطابق مقتول کو بھتہ نہ دینے پر قتل کیا گیا ہے ۔ جوہر موڑ پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔