تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافہ، نشستوں میں کمی نجی سیکٹر کو نوازنے کے اقدام ہیں: زبیر حفیظ

Zubair Hafeez

Zubair Hafeez

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ کیا جارہے، عام آدمی چولہا جلانے کی فکر سے ہلکان ہو رہا ہے مگر سرکاری تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافہ اور نشستوں میں کمی کردی گئی۔

جوکہ براہ راست نجی سیکٹر کو نوازنے کے اقدام ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیلنٹ ایوارڈ شوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی اداروں اور این جی اوز کی صوابدید پر تعلیمی پالیسیاں مرتب کرنا غلامانہ خیالات کی ترویج کا باعث ہے۔

قوم کے نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ تعلیمی اداروں کے دروازے غریب طلباء کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں اور غریب اور متوسط طالب علم کے لئے تعلیم شجر ممنوع بنا کر رکھی دی گئی ہے۔یکساں نظام تعلیم کا خواب تاحال شرمندہ تعبیر نہ ہونا حکمرانوں کے خبث باطن کو ظاہر کرتا ہے۔ یونیورسٹیز کو کمرشل بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے جبکہ صوبوں کو تعلیم کے شعبوں میں مطلق العنان بنا دیا گیا ہے۔

صوبے آئے روز من مانی پالیسیاں دے کر قوم کو مزید تقسیم کررہے ہیں، نصابی کتب میں غلطیوں کی بھرمار، نظریہ پاکستان اور قوم واحدانیت کو بتدریج ختم کیا جا رہے۔ زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں اسلامی جمعیت طلبہ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے تجاویز تیار کر کے میڈیا اور پارلیمنٹرینز کو دے گی۔ تاکہ پالیسی ساز ادارے قومی امنگوں کے مطابق پالیسیاں تیار کریں۔