افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خودکش حملے، 40 پولیس اہلکار ہلاک

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں خود کش حملے میں 40 پولیس اہلکارہلاک ہوگئے جب کہ افغان فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ نورستان میں فضائی کارروائی کے دوران 73 سے زائد طالبان بھی مارے گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے پغمان میں پولیس کے قافلے پر یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 40 اہلکار ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کے حکام کاکہنا تھا کہ بسوں میں سوار پولیس اہلکاروں نے ابھی اپنی تربیت مکمل کی تھی اور انہیں کہیں تعینات نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب افغان فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ نورستان کے ضلع کمدیش میں درجنوں طالبان نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کے جواب میں بھرپور کارروائی کی گئی، اس آپریشن میں امریکی اور افغان فضائیہ نے بھی حصہ لیا جس کے نتیجے میں 73 سے زائد طالبان ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔