افغانستان : فورسز کی کارروائیوں میں داعش کے 44 جنگجو ہلاک‘ کابل میں سینئر جج قتل

Afghanistan Forces

Afghanistan Forces

کابل (جیوڈیسک) مشرقی افغانستان میں داعش کے خلاف کاروائیوں میں مزید 44 کے قریب جنگجو ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے جبکہ کابل میں نامعلوم افراد نے سینئر جج کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ادھر قندوز میں طالبان نے اغوا ءکئے جانیوالے مسافروں میں سے چھ کوقتل کردیا۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں بدھ کو وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ننگرہارکے ضلع کوٹ کے مختلف علاقوں میں فورسز نے داعش کے خلاف کاروائیوں میں 44کے قریب جنگجو ہلاک اور 40زخمی ہوگئے ۔کابل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ضلعی جج کو ہلاک کردیا۔

حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے سینئر جج کو کابل کے ضلع ففتھ پولیس ڈسٹرکٹ میں گولی مارکرہلاک کر دیا۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

شمالی صوبہ قندوز میں طالبان نے اغوا ءکئے جانیوالے مسافروں میں سے چھ کوقتل کردیا۔افغان حکام نے دعویٰ کیاہے کہ طالبان نے اپنے ایک کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے ان افراد کو ہلاک کیا ہے۔قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ یہ افراد امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔