امریکہ کی ترکی میں بغاوت کی کوششوں کی مذمت

General Dunford and Yildirim

General Dunford and Yildirim

امریکہ (جیوڈیسک) امریکی فوج کے سربراہ جنرل جوزف ڈنفورڈ نے ترک وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔

پیر کو امریکی فوج کے سربراہ جنرل جوزف ڈنفورڈ نے وزیراعظم بن علی یلدرم سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔

ترکی کے مطابق اس کے اتحادیوں نے تختہ پلٹنے کی ناکام کوشش کی مذمت کے بجائے اس کے خلاف ترکی کے اقدامات پر تنقید کی ہے۔

ترک وزیراعظم نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ تختہ پلٹنے کی کوششوں کی ناکامی کے بعد ترکی کی جانب سے بھی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔

ان کے دفتر سے جری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل ڈنفورڈ نے حکومت کا تختہ پلٹنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے اور وہ ترکی کی جمہوریت اور اس کے عوام کی حمایت کے لیے انقرہ تشریف لا رہے ہیں۔

وزیر اعظم یلدرم نے کہا: ’یہ انتہائي اہم ہے کہ ہمارے دوست اور اتحادی امریکہ نے ہمارے ملک اور جمہوریت کے خلاف تختہ پلٹنے کی دہشت گردانہ کوششوں پر واضح اور فیصلہ کن رویہ اختیار کیا ہے۔‘

گذشتہ ہفتے تختہ پلٹنے کی ناکام کوشش کے بعد بڑے پیمانے پر لوگوں کو گرفتار اور نوکریوں سے معطل کیا گيا ہے

ملاقات سے قبل امریکی فوج کے ترجمان کیپٹن گریگ ہکس نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ جنرل ڈنفورڈ ’تختہ پلٹنے کی حالیہ کوششوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا پیغام دیں گے۔‘

اس درمیان انقرہ میں بعض مظاہرین اس سے متفق نہیں ہیں اور انھوں نے بینر اٹھا رکھے ہیں جن پر لکھا ہے ’تختہ پلٹنے کی سازش کرنے والے ڈنفورڈ ترکی سے نکل جاؤ‘ اور ’ڈنفورڈ گھر واپس جاؤ۔ فتح اللہ کو بھیجو۔‘

ترکی کا کہنا ہے کہ امریکہ مذہبی رہنما فتح اللہ گلین کو ترکی کے حوالے کر دے کیونکہ اس کے مطابق وہ تختہ پلٹنے کی اس کوشش کے پس پشت ہیں جبکہ گلین ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
مسٹر یلدرم نے جنرل ڈنفورڈ سے گلین کی حوالگی کی دوبارہ درخواست کی ہے۔

ترکی کی حکومت نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے جو اس کے مطابق تختہ پلٹنے کی حالیہ کوشش میں شامل یا اس سے کسی بھی طرح منسلک تھے۔

ترکی کے لوگ اس تختہ پلٹنے کوشش کے خلاف سڑکوں پر اتر آئےفوج، عدلیہ، انتظامیہ اور تعلیمی اداروں سے دسیوں ہزار افراد کو یا تو گرفتار کیا گيا ہے یا پھر انھیں معطل کر دیا گيا ہے۔

جنرل ڈنفورڈ نے انسرلک فوجی اڈے کا دورہ بھی کیا جسے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی حملے کے لیے امریکہ اور دوسرے اتحادیوں کے ذریعے استعمال کیا جا رہا ہے۔

جبکہ دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں ترکی کو نیٹو کے اہم رکن ملک کے طور پر دیکھا جاتا ہے خیال رہے کہ 15 جولائی کو رجب طیب اردوگان کے خلاف تختہ پلٹنے کی کوشش میں کم از کم246 افراد ہلاک ہوئے۔