آرمی چیف سے ملاقات کے بعد پارا چنار کے قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کر دیا

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

پارا چنار (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پارا چنار کے قبائلی عمائدین نے گزشتہ جمعہ سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارہ چنار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کیے جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سیکیورٹی سے متعلق مطالبات پر فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار کے بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی جس میں 75 افراد جاں بحق اور100 کے قریب زخمی ہوئے تھے جس کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔