آرمی چیف نے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

Military Court

Military Court

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید بارہ دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ سزائے موت پانے والوں میں پارہ چنار امام بارگاہ پر حملے میں ملوث دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ ایک شہری کو عدم ثبوت پر بری کر دیا گیا۔

دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا سلسلہ جاری، آرمی چیف کی مزید 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق، مرکزی امام بارگاہ پارہ چنار پر حملے میں ملوث دہشت گرد بھی شامل، 6 ملزمان کو مختلف قید کی سزائیں، ایک عدم ثبوت پر بری

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تمام 12 دہشت گرد مختلف کارروائیوں کے دوران 26 معصوم شہریوں، 8 اہلکاروں کی شہادت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے۔

کالعدم جماعت کے عاشق خان، رشید، معراج، محمد رسول، نکمت خان پارہ چنار کی مرکزی امام بارگاہ پر حملے میں ملوث تھے جس میں بائیس شہری شہید اور ایک سو تیس زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشت گردوں نے فوجی عدالتوں نے ٹرائل میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ آرمی چیف نے چھ دہشت گردوں کی مختلف جرائم میں قید کی سزاؤں کی بھی توثیق کی جبکہ ایک شہری احسان اللہ ولد کفایت اللہ کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کر دیا گیا۔