بدین میں محرم کا چاند نظر آتے ہی حیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے

Loadshedding

Loadshedding

بدین (عمران عباس) بدین میں محرم کا چاند نظر آتے ہی حیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے، محرم کی چوتھی مجالس عزاءبھی اندھیرے میں برپا کی گئی، محرم کا چاند نظر آگیا پر بجلی غائب ہو گئی، پہلی محرم سے ہی ضلع بدین میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں خواجہ شیعہ اثنا عشری جماعت کے صدر شجاعت خواجہ، جنرل سیکریٹری انصار حسین، سرفراز خواجہ اور دیگر نے بدین انتظامیہ اور حسیکو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام سے پہلے ڈی سی بدین محمد رفیق قریشی، ایس ایس پی بدین عبدالقیوم پتافی اور دیگر بالا حکام سے جو ملاقاتیں ہوئی تھیں ان میں یہ بات طے ہوا تھا کہ دوران مجالس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدین انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس کا بھی کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث مجالس میں آنے والے عزاداروں کو شدید مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے جبکہ صفائی کا بھی کوئی خاص انتظام نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات سے آگاہ کیا گیا ہے کہ بدین کے مرکزی امام بارگاہ سمیت دیگر کچھ امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیا ہے لیکن اس کے باجود دوران مجالس لوڈ شیڈنگ کر دی جاتی ہے جبکہ حسیکو انتظامیہ کی جانب سے ایک شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے رات کو پونے آٹھ سے ایک بجے تک لوڈ شیڈنگ نا کرنے ٹائم لکھا ہوا ہے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو الٹیمٹم دیا کہ اگر دوران محرم بھی ہم سے تعاون نہیں کیا گیا تو پھر یہ مجالس ہم شہر کے چوراہوں اور راستوں پر کرینگے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی ساری صورتحال کی ذمہ دار ضلع حکومت ہو گی۔۔