بلوچستان : کوئلے کی کان میں دھماکہ، تین کان کن ہلاک

Coal Mine Pakistan

Coal Mine Pakistan

بلوچستان (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلہ کان میں حادثے میں تین کان کن ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

کوئٹہ میں انسپیکٹوریٹ آف مائنز کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے شاہرگ میں پاکستان منرل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی ) کے کان پیش آیا۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ اس کان میں مزدور کام کررہے تھے کہ اس کے اندر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین کان کن ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکہ گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا۔

اس سے قبل 24جولائی کو بھی اس کان میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین کان کن ہلاک ہوئے تھے بلوچستان میں دیگر صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے کوئلہ کی کان کنی یہاں کی ایک بڑی صنعت ہے۔

یہاں کے متعدد اضلاع لورالائی، کچھی، ہرنائی اور کوئٹہ کے پہاڑی علاقوں میں بڑی تعداد میں کوئلہ کی کانیں ہیں جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کام کرتی ہے۔