2013 سے 2015 کے دوران ملک میں ڈینگی سے 129 اموات ہوئیں، سائرہ افضل تارڑ

Saira Afzal Tarar

Saira Afzal Tarar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل کا کہنا ہے کہ 2013 سے 2015 کے دوران ملک بھر میں ڈینگی وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 129 ہے۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران منتخب نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل نے بتایا کہ ملک میں 2013 سے 2015 کے دوران ملک میں ڈینگی سے 129 اموات ہوئیں، سندھ میں ڈینگی بخار کی وجہ سے 49 ، پنجاب میں 35، خیبر پختونخوا میں 43 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک شخص کی موت ہوئی، سوائن فلو کی وجہ سے 2013 سے 2015 تک ملک بھر میں 7 اموات ہوئیں ہیں جہاں اسلام آباد میں سوائن فلو سے 2013 سے 2015 تک 4 افراد کی موت جب کہ پنجاب میں سوائن فلو سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین میں چھاتی کا کینسر سب سے بڑا چیلنج ہیں، پاکستان میں ہر سال کینسر کے ڈیڑھ لاکھ کیسز سامنے آتے ہیں جب کہ ہرسال کینسر میں مبتلا12 ہزار افراد انتقال کرجاتے ہیں، بلوچستان سمیت تمام صوبوں میں کینسر کے علاج کی سہولتوں میں مساویانہ کردارادا کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 3 بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کو کینسرکی ادویات پاکستان میں تیار کرنے کا کہا ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت انہیں ان دوائیوں کی تیاری پر مختلف قسم کے استثنیٰ دے گی۔

پولیو وائرس کے حوالے سے وزیر مملکت نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ ممالک ہیں جہاں پولیو اب تک موجود ہے۔ کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں پولیو وائرس کی موجودگی زیادہ ہے جب کہ پولیو کے 90 فیصد کیسز کراچی سے سامنے آتے ہیں، دوسری جانب پشاور میں پولیو پر قابو پانے کے لیے بہت کام ہورہا ہے اور جلد پشاور سے پولیو وائرس ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔