نئے وزیر اعلی سندھ نے شاندار پروٹوکول کے ساتھ مزارِ قائد پر حاضری دی

Murad Ali Shah

Murad Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے نو منتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جہاں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے سے رکاوٹیں ہٹا تے ہوئے وی آئی پی کی روایت کے خلاف پہلا قدم اٹھایا وہیں انہوں نے اس کے برعکس پروٹوکول کے طریقہ کار کو برقرار رکھا اور شاہانہ انداز میں مزارِ قائد پر حاضری دی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی وی آئی پی روایات کے خاتمے اور پروٹوکول سے دور رہنے کا اعلان کیا تھا۔ جس پر فوری طور پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزیر اعلی ہاؤس کے باہر رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا تھا۔

دوسری جانب مراد علی شاہ 55 گاڑیوں کے جھرمٹ میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے مزار قائد کے لیے روانہ ہوئے اور اس موقع پر ان کے ہمراہ کابینہ ارکان بھی تھے، جس سے معمول کی ٹریفک میں خلل آیا اور عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری کےدوران مزار کو عام عوام کے لیے بند کردیا ۔ اب عوام نے نئے وزیراعلیٰ کے پروٹوکول نہ لینے کے اعلان پر انگلیاں اٹھانا شروع کردی ہیں۔