بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کاروائی کی جائے، چیئرمین نیب

Chairman Nab

Chairman Nab

کراچی (جیوڈیسک) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمر زمان چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی کی جائے.

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب کراچی بیورو کا دورہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کرنل (ر) سراج نعیم نے 2015-16 کے دوران نیب کراچی کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بدعنوانی کے خاتمہ کےلیے اپنی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

بریفنگ کے دوران کرنل (ر) سراج نعیم نے بتایا کہ 2016 کے دوران 3267 شکایات نمٹائی گئی ہیں،یہ شکایات گذشتہ سالوں میں نمٹائی گئی شکایات سے تعداد میں زیادہ ہیں،2016ء میں نیب کراچی نے 109 شکایات کی جانچ پڑتال میں سے 33 نمٹائیں، 151 انکوائریوں میں سے 38 انکوائریوں اور 113 انوسٹی گیشن میں سے 40 انوسٹی گیشن کو میرٹ پر نمٹایا۔

2016 کے دوران نیب کراچی نے 50 بدعنوانی ریفرنس دائر کیے ہیں،اس عرصہ کے دوران نیب کراچی نے ریکارڈ 1304.965 ملین وصول کیے ہیں. چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کے خاتمہ کےلیے پاکستان کا اعلیٰ ادارہ ہے اور اسے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدآمد کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے،یہ ادارہ قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے تحت کام کرتا ہے۔

قومی احتساب بیورو کی ملک کے ساتھ شہروں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سکھر، ملتان اور راولپنڈی میں علاقائی بیوروز ہیں۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب کراچی قومی احتساب بیورو کا اہم علاقائی بیورو ہے جو کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2016ء کے دوران نیب کراچی کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے مقداری گریڈنگ نظام کے تحت جائزہ کے دوران آپریشنل ایفیشنسی انڈیکس میں کارکردگی 88 فیصد رہی ہے۔

انہوں نے نیب کراچی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں،اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کریں۔