ملک بھر میں قائم 17 الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں 800 سے زائد سٹریٹ چلڈرن کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ محمد عبدالشکور

Ceremony

Ceremony

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ری ہیب لی ٹیشن ٹرسٹ کے تحت پشاور میں قائم چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کی جبکہ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں سابق گورنر خیبر پختونخوا سید افتخار حسین شاہ،ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مہرتاج روغانی سمیت خالد وقاص، شاکر صدیقی، ڈاکٹر الطاف قادر خٹک اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محمد عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 22ہزار بچے گلیوں کوچوں میں کوڑے اور گندگی کے ڈھیر سے اپنی ضرورت کی اشیا ء اکٹھی کرکے اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے لئے رزق حلال کمانے پر مجبور ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ری ہیب لی ٹیشن ٹرسٹ کے اشتراک سے ان بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے 5 سال قبل الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے نام سے ایک پراجیکٹ کا آغاز کیاجس کا دائرہ کار وقت کے ساتھ ملک کے دیگر شہروں تک پھیل چکا ہے۔ آج پشاورسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں17سنٹرز قائم ہوچکے ہیں جہاں پر800بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

ان سنٹرز میں ابتدائی طور پردن 2بجے سے 4بجے تک بچوں کو بنیادی تعلیم دی جاتی ہے ۔ان سنٹرز کی بدولت ڈیڑھ سو سے زائد بچے آج مختلف سکولوں میں باقاعدہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ اس موقع پرپشاور کے تینوں سنٹرز کے طلبہ کے مابین ملی نغموں اور تقاریر کے مقابلے ہوئے جبکہ خصوصی ٹیبلوزبھی پیش کئے گئے جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ تقریب کے اختتام پرمہمانان اور دیگر معززین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔