ملک کے مختلف شہروں میں 6.2 شدت کا زلزلہ

Earthquake

Earthquake

پنجاب (جیوڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 6.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی جی میٹ غلام رسول کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 169 کلو میٹر تھی جب کہ زلزلہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں آیا جس کا مرکز چترال سے 140 کلو میٹر شمال مغرب میں افغانستان کا علاقہ فیض آباد تھا۔

ڈی جی میٹ نے بتایا کہ پہلے صبح 10 بجے کے قریب بلوچستان کے علاقے بیلہ میں 4.9 شدت کا زلزلہ آیا جس کی گہرائی 29 کلو میٹر تھی۔

خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کا وقت 12 بج کر 7 منٹ تھا۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، ملتان، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، کمالیہ، سرگودھا، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کمالیہ سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لاہور میں زلزلے کے کچھ دیر بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے لوگ خوف میں مبتلا ہوکر کھلے علاقوں کی طرف جانکلے۔ خیبرپختونخوا میں خیبر ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، بنوں، ہنگو، مانسہرہ اور پاراچنار سمیت دیگر علاقوں میں شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔ پشاور کے ایک اسکول میں زلزلے کے باعث بھگدڑ مچنے سے 4 بچیاں زخمی ہوگئیں۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں صبح 10 بجے آنے والے 4.9 شدت کے زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک اسکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں کوٹلی، راولاکوٹ، میرپور خاص، پھلندری اور دیگر مقامات پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

گلگت بلتستان میں اسکردو، کھرمنگ، شگر، گھانچے، چلاس میں شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے باعث لوگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوکر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

اسلام آباد میں زلزلے کے وقت باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے جب کہ سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا گیا۔

سپریم کورٹ میں نااہلی مدت کیس کی سماعت جاری تھی تو اس دوران زلزلے کے جھٹکے لگنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں کچھ دیر کے آفٹر شاکس ہیں ختم ہو جائیں گے۔

ادھر پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔

دوسری جانب افغانستان اور بھارت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں دونوں ممالک کے دارالحکومت دہلی اور کابل سمیت دیگر شہروں میں بھی زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق افغانستان میں بھی زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن میں صوبہ بدخشاں کا علاقہ جرم تھا۔