ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.2 فیصد اضافہ

Inflation

Inflation

کراچی (جیوڈیسک) ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.20 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.58 فیصد کا اضافہ ہو گیا جس کی بڑی وجہ مرغی کی قیمتوں میں اضافہ بنی۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 10 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں سب سے کم اضافہ 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے 0.06 فیصد ہوا جبکہ 12 ہزار روپے ماہانہ آمدن والوں کے لیے مہنگائی 0.11 فیصد، 18 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.15فیصد، 35 ہزار روپے تک آمدن والوں کے لیے 0.20 اور 35 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.27 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے مجموعی طورپر19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سب سے زیادہ اضافہ زندہ مرغی کی قیمت میں 7.15 فیصد کا ہوا جو 133.24 روپے سے بڑھ کر 142.76 روپے فی کلوگرام ہوگئی، اس کے علاوہ لہسن کے نرخ 4.58 فیصد کے اضافے سے 183.41 سے بڑھ کر 191.81 روپے فی کلوگرام، ایل پی جی کی قیمت 3.51فیصد کے اضافے سے 1158.16 سے بڑھ کر 1198.82 روپے فی گھریلو سلنڈر (11 کلوگرام)، سگریٹ 2.61 فیصد کے اضافے سے 57.71 روپے فی پیکٹ، کیلے 2.02 فیصد کے اضافے سے 61.62 روپے فی درجن، دال ماش 1.67 فیصد بڑھ کر 246.45 روپے فی کلوگرام، انڈے 0.76 فیصد بڑھ کر 102.22 روپے فی درجن، گندم0.28 فیصد کے اضافے سے 353.60 روپے فی 10 کلوگرام اور سرخ مرچ پاؤڈر (کھلا) کی قیمت 0.27فیصد بڑھ کر 272.38 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔

اس کے علاوہ بکرے کا گوشت 0.24 فیصد، دودھ تازہ 0.18 فیصد، گڑ0.17 فیصد، سرسوں کا تیل0.17 فیصد، دہی0.16 فیصد، ٹماٹر 0.14 فیصد، دال چنا 0.13 فیصد، دال مسور0.10 فیصد، دال مونگ0.07 فیصد اور ویجیٹیبل گھی کھلا 0.03 فیصد مہنگا ہوگیا جبکہ 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، سب سے زیادہ کمی پیاز کے نرخ میں 4.84فیصد کی ہوئی۔

جس سے پیاز ملک میں اوسطا 55.13 فیصد سے گھٹ کر 52.46 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے جبکہ چینی 2.16 فیصد کی کمی سے 57.20 روپے فی کلو گرام، نہانے کا صابن0.79 فیصد گھٹ کر 36.47 روپے فی کس، آلو 0.52 فیصد کی کمی سے 32.50 روپے فی کلوگرام، پکانے کا تیل (ٹن) 0.32 فیصد کمی سے 455.53 روپے فی ڈھائی کلو، آٹا 0.09 فیصد کی کمی سے 398.58 روپے فی 10 کلوگرام اور ویجیٹیبل گھی (ٹن) 0.07 فیصد کمی سے 447.76 روپے فی ڈھائی کلو ہوگیا، اس کے علاوہ چاول، سادہ بریڈ، چائے کی پتی اور خشک دودھ سمیت 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں برقرار رہیں۔