دپیکا نے اکشے کمار کے ساتھ فلم کو کیریئر کی بدترین فلم قرار دے دیا

Deepika - Akshay Kumar

Deepika – Akshay Kumar

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ کو کیریئر کی بدترین فلم قرار دیا ہے۔

دپیکا پڈوکون نے کیریئر کا آغاز 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے کیا اور پہلی ہی فلم سے شہرت حاصل کی۔ ڈمپل گرل اب تک کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

اداکارہ اس وقت بالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں جنہیں حال ہی میں فلم ’پدماوت‘ کے لیے 60 دن کی شوٹنگ کا معاوضہ 13 کروڑ روپے ادا کیا گیا۔

دپیکا کے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں کے ساتھ ساتھ چند ناکام فلمیں بھی ہیں لیکن انہیں کیریئر کی سب سے بدترین فلم اکشے کمار کے مدمقابل کردار والی فلم لگتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بہن انوشا پڈوکون کے ساتھ اداکارہ نیہا دھوپیا کے چیٹ شو’ ووگ بی ایف ایف‘ میں شرکت کی جہاں دونوں بہنوں نے کئی سوالوں کے کھل کر جواب دیئے ہیں۔

شو میں دپیکا کی بہن سے کیریئر کی بدترین فلم کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے فوراً کہا کہ دپیکا کی سب سے بدترین فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ ہے۔

اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی بہن کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کے کیریئر کی سب سے بدترین فلم اکشے کمار کی ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ ہے۔

یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ میں اکشے کمار اور دپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار کیا تھا لیکن یہ فلم باکس آفس پر بھی بری طرح فلاپ ہوئی جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ دپیکا پڈوکون کا اس فلم میں ڈبل رول تھا۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور اکشے کمار اب تک 3 فلموں ’چاندی چوک ٹو چائنہ‘، ’ہاؤس فل‘ اور ’ دیسی بوائز‘ میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔