’’ڈاکٹر بغیر بارڈرز‘‘ تنظیم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی مدد کے لیے ٹیم بھیجے، میر شاہی جہاں

Mir Shahi Jaha

Mir Shahi Jaha

برسلز (پ۔ر) بلجیم میں قائم غیر منافع بخش کشمیری تنظیم ’’کشمیر انفو‘‘کے چیئرمین میر شاہی جہاں نے ’’ڈاکٹر بغیر بارڈرز‘‘ تنظیم سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاتاخیر مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کی مدد کرے۔

ڈاکٹروں کی ٹیم مقبوضہ کشمیرروانہ کی جائے اور جو لوگ وہاں قابل علاج نہیں، انہیں علاج کے لئے بیرون ملک منتقل کیاجائے۔ ’’ڈاکٹربغیربارڈر‘‘ کی صدر کو لکھے گئے خط میں کہاگیاہے کہ گذشتہ چارماہ سے وادی میں مسلسل کرفیونافذ ہے اور ساتھ ہی گرفتاریوں اور ہڑتالیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انھوں نے کہاکہ بھارت کی مرکزی حکومت اور بھارت نواز ریاستی حکومت کا رویہ غیرانسانی اورغیرجمہوری ہے۔پرامن مظاہروں پر بھارتی فائرنگ سے ہزاروں لوگ زخمی ہوئے جنہیں علاج معالجے کی ضرورت ہے۔ ایک سو سے زیادہ شہید ہوچکے ہیں۔

پیلٹ گن کے چھروں سے ایک ہزار سے زائد لوگوں کے چہروں پرزخم آئے اور ان میں سے بہت اپنی آنکھوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ۔ان لوگوں کو علاج کی فوری ضرورت ہے لیکن پابندیوں اور کرفیوکی وجہ سے ان کا درست علاج نہیں ہورہاہے۔