ڈاکٹر سجاد کریم نے یورپی یونین سے کشمیر میں تشدد کے خاتمے کے لیے مداخلت کی درخواست کی ہے

Sajjad Karim

Sajjad Karim

برسلز (پ۔ر) رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجاد کریم نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بھارت کے زیرانتظام کشمیرمیں تشدد کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔ یورپی یونین کی خارجہ اور سیکورٹی امور کی اعلیٰ نمائندہ مس فدریکا موغرینی کو لکھے گئے خط میں خطہ کشمیرمیں بڑھتے ہوئے تشددخاص طورپر بھارتی سیکورٹی فورسزکی طرف سے حالیہ واقعات میں طاقت کے بے تحاشااستعمال پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے اس تشددکے خاتمے کے لیے یورپی کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیاہے۔

انھوں نے اس یورپی عہدیدار سے کہاکہ وہ بھارت کو ان کی تشویش سے آگاہ کریں کیونکہ تشدد یورپی یونین اوربھارت دونوں کے تعلقات کے لیے نقصان دہ ہے۔ ڈاکٹرسجادکریم نے کہاکہ وہ تنازعہ کشمیرکے پرامن حل کے پرزورحمایتی ہیں اور اسی وجہ سے کشمیرمیں تشددکے حالیہ واقعات ان کے لیے پریشان کن ہیں۔ بھارتی سیکورٹی فورسزکی طرف سے جو طریقہ استعمال کیاگیاہے ، وہ ناقابل قبول ہے۔پیلٹ گن کا استعمال کیاجارہاہے جس سے لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔رکن یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ سے مطالبہ کیاکہ یورپی کمیشن کشمیرمیں تشددکے خاتمے کے لیے ضروری مداخلت کرے۔