آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ نون عوامی خدمات کی بنا پر کامیابی حاصل کرے گی: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام منفی سیاست کرنیوالے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور اب صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر مملکت اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب نے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2017 کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت چھٹی کے باوجود 6 گھنٹے طویل اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال 2017-18 کے صوبائی بجٹ کی تجاویز اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہوگا۔ بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی اسکیمیں رکھی جائیں گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائے گی، آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ریکارڈ ساز ہو گا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل ہماری ترجیحات ہیں۔