کے الیکٹرک بجلی صارفین کا خون چوسنانا بند کرے، عبدالحاکم

K-Electric

K-Electric

کراچی : پاسبان پاکستان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بجلی صارفین کا خون چوسنانا بند کرے، کے الیکٹرک گذشتہ کئی عرصہ سے مادر پدر آزاد ہو کر حکومتی سرپرستی میں صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔

پاسبان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کے الیکٹرک کے صارفین اور ایماندار افسران پر مشتمل احتسابی کمیٹی تشکیل دی جائے جوکہ بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے اور کے الیکٹرک کی کرپشن کے خلاف کاروائی کا اختیار رکھتی ہو ۔کے الیکٹرک کا عملہ صارفین کی شکایات بالخصوص ایوریج بلنگ کی شکایات کو دور نہیں کررہا بلکہ صارفین کو آسان قسطوں کے ذریعے لوٹ رہا ہے۔

پاسبان کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے متاثرین کا کیس مجاز اتھارٹیز تک پہنچا ئے گی اور انصاف اور ریلیف کی فراہمی کیلئے ان کا کیس لڑے گی ۔وہ پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام5اسٹار چورنگی پر لگائے گئے شکایتی کیمپ میں کے الیکٹرک کے متاثرہ صارفین سے گفتگو کررہے تھے۔

صارفین کی بڑی تعداد نے پاسبان کیمپ میں اپنی شکایت درج کرائی اور پاسبان کیمپ کو سراہا۔ اس موقع پر پاسبان رہنما محمد صادق، بابر فاروقی، اکرام قریشی ، خالد درانی ، جواد شیرازی ، رضا خان ، حنیف خان ،محمدپرویزو دیگر بھی موجود تھے ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل نے عوامی شکایات کیلئے ابتدائی کیمپ پاور ہائوس چورنگی پر لگایا تھا اور اس سلسلے کا دوسرا کیمپ 5اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد میں لگایا گیا ہے اس کے بعد اگلا کیمپ پہاڑ گنج میں لگایا جائے گا،شہری اوور بلنگ ، غلط ریڈنگ ، محکمانہ غلطیاں ،خراب میٹر ، عملے کی غفلت و سستی ، رشوت طلبی یا کسی بھی قسم کی زیادتیوں کی شکایات پاسبان عوامی شکایتی کیمپ اور پاسبان ہیلپ لائن کے فون نمبر021-34024481پر درج کرائیں۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ پاسبان کے عوامی شکایتی کیمپ کا مقصد قانون کی بالا دستی قائم کرنا ہے ،انہوں نے کہا کہ سرکاری وغیر سرکاری اداروں کی خلاف ضابطہ اور غیر منصفانہ اقدامات نے عوام کا اداروں پر اعتماد ختم کر دیا ہے۔واضح رہے کہ پاسبان پبلک ایشوز کمیٹی کے ڈائریکٹر ابوبکر عثمان نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے ازالے کیلئے قانونی نکات پر مبنی ایک پروفارمہ تیار کیا ہے جسے کے الیکٹرک کے صارفین سے پر کرواکر مجاز اتھارٹیز کے روبرو پیش کرکے متاثرین کو انصاف فراہم کرایا جائے گا۔