دشمن سی پیک کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا: وزیرِاعلی بلوچستان

Mir Abdul Quddus Bizenjo

Mir Abdul Quddus Bizenjo

کوئٹہ (جیوڈیسک) ) وزیرِاعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کہتے ہیں کہ دشمن گوادر کو ترقی یافتہ اور سی پیک کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا، اس کیلئے صوبے میں بد امنی پھیلا رہا ہے، صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عوام کا ساتھ درکار ہے۔

سردار بہادر ویمن یونیورسٹی میں نمائشی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِاعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ کو دہشتگردی کا سامنا ہے، دہشتگرد امن کی فضا کو تباہ کرنے کے در پے ہیں، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے ساتھ مل کر صوبے سے دہشتگردی کا خاتمہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

وزیرِاعلی بلوچستان نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں مہمان نوازی کی ہے، مگر دہشتگردی کے واقعات کے ہمسایہ مملک کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔ باڑ لگنے سے دہشتگردی کو روکنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دورِ حکومت کے دوران ایک درجن سے زائد خود کش حملے ناکام بنائے۔ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا گیا۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ منظور پشتین پشتون دوستی کیلئے نہیں بلکہ ان کی دشمنی پر نکلا ہے۔ کیا منظور پشتین چاہتا ہے کہ پشتون علاقوں میں دہشتگردی کی فضا برقرار رہے؟۔ منظور پشتین پشتون قوم کو مزید تباہی کے دہانے پر نہ لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔