تجربات سے بہت کچھ سیکھا مشکلات بھی آئیں مگر ڈٹ کر مقابلہ کیا، ثنا

 Sana

Sana

لاہور (جیوڈیسک) عملی زندگی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا، گھر اور پروفیشن کو برابر وقت دیتی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار اداکارہ ثناء نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں دوست اور دشمن میں تمیز کرنا مشکل ہو گیا ہے، لوگوں نے چہروں پر کئی طرح کے نقاب ڈال رکھے ہیں۔

جو شخص چہروں پر نقاب چڑھائے لوگوں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتا ہے کامیابی اسی کا مقدر بنتی ہے۔ عملی زندگی میں مجھے بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ موجودہ دور میں کافی ٹف لائف ہوچکی ہے ، خاص طور پر جب آپ کے بچے چھوٹے ہوں۔ البتہ میں پروفیشن کے ساتھ گھریلو ذمے داریوں کو احسن طریقے سے نبھا رہی ہوں۔میرے لیے سب سے زیادہ اہم بچے اور میرا گھر ہے۔

اس کو کسی طرح بھی ڈسٹرب نہیں کرنا چاہتی ۔ اسی لیے کوئی بھی پراجیکٹ سوچے سمجھے بغیر سائن نہیں کرتی ۔ٹی وی کے ساتھ فلمی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں ، ایک فلم ’’ہجرت‘‘ ریلیز ہونے والی ہے جب کہ دوفلمیں ’’زہر عشق‘‘ اور ’’راستہ‘‘ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔ ان کے علاوہ بھی فلم کی آفرز ہیں جن کا اسکرپٹس پڑھنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کروں گی ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے لوگوں کے لیے یہ گولڈن دور ہے جس میں ان کے کرنے اور کمانے کے لیے بے شمار مواقع ہیں۔

ہمارے دور میں پی ٹی وی کے علاوہ دوسری بڑی تفریح فلم ہی تھی۔ پھر فلم پر بھی ایک طویل بحران آگیا ، جس سے سیکڑوں تکنیک کار اور ایکسٹرا فنکار بے روزگار ہونے کے ساتھ سینما انڈسٹری بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی تھی اب صورتحال کافی بہترہوتی جارہی ہے، ٹی وی کے ساتھ فلم انڈسٹری بھی ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔